گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ مظلوم اہل فلسطین پر اسرائیل کے حملے جنگی جرائم ہیں۔
گورنر ہاؤس کراچی کے باہر فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے شمعیں روش کی گئیں۔
اس موقع پر گورنر کامران ٹیسوری کے ساتھ تاجر، صنعت کار، ڈراما اور فلم انڈسٹری سمیت دیگر شعبہ ہائے زندگی کے افراد موجود تھے۔
گورنر سندھ نے خطاب میں کہا کہ اسرائیل کھلی جارحیت کا مظاہرہ کر رہا ہے، پوری قوم اپنے مظلوم فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مظلوم فلسطینیوں پر اسرائیل کے حملے جنگی جرائم ہیں، عالمی برادری کو اسرائیلی بربریت کا نوٹس لینا چاہیے۔
کامران ٹیسوری نے یہ بھی کہا کہ پناہ گزین کیمپوں اور اسپتالوں کو نشانہ بنانا اسرائیلی فوج کی سفاکیت کا ثبوت ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی جماعتیں فلسطین کے مسئلہ پر یک زبان ہو کر احتجاج ریکارڈ کروائیں، مسلم امہ کے لیے یہ ایک امتحان ہے، اسے متحد ہونا پڑے گا۔
گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان اقتصادی مشکلات کا شکار ہے، ہمیں معاشی ترقی کے لیے متحد ہونا پڑے گا۔