پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کی خصوصی پرواز شام سے71 پاکستانیوں کو لے کر کراچی پہنچ گئی۔
دفتر خارجہ کے مطابق پرواز میں موجود 67 پاکستانی لبنان سے بذریعہ سڑک دمشق پہنچے جبکہ شام سے 4 دیگر پاکستانی بھی خصوصی پرواز کے ذریعے پاکستان پہنچے ہیں۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کراچی ایئرپورٹ پر شہریوں کا استقبال کیا، ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے لبنان سے پاکستانیوں کی بحفاظت وطن واپسی ممکن بنائی۔
انہوں نے کہا کہ سفارتخانوں کے بروقت اقدام نے پاکستانیوں کی فوری واپسی میں کردار ادا کیا، شکر ہے 71 پاکستانی جنگ زدہ لبنان سے بحفاظت واپس آئے ہیں۔
گورنر سندھ کا مزید کہنا تھا کہ لبنان کے شہریوں کے لیے بھی فکرمند ہوں جو اسرائیلی بمباری کا شکار ہیں، اسرائیل نے جنگ فلسطین سے لبنان تک پھیلا دی مگر دنیا خاموش ہے۔
کامران ٹیسوری نے کہا کہ مسلم ممالک اسرائیل کے خلاف یک آواز ہوں تاکہ لبنان پر مسلط جنگ رُکے۔