مخصوص نشستوں کے کیس پر سپریم کورٹ کا اکثریتی فیصلے دینے والے 8 ججوں نے دوسری مرتبہ وضاحت جاری کردی ہے۔
سپریم کورٹ کی جانب سے دوسری بار وضاحت الیکشن کمیشن کی درخواست پر دی گئی، جس میں کہا گیا کہ الیکشن ایکٹ میں ترمیم سے 12 جولائی کا فیصلہ غیر مؤثر نہیں ہو سکتا، الیکشن ایکٹ میں ترمیم کے ماضی سے اطلاق کو وجہ بنا کر فیصلہ غیر مؤثر نہیں ہوسکتا۔
سپریم کورٹ کا کہنا ہے کہ اس معاملے پر کراچی اور اسلام آباد میں چیمبرز میں سماعت ہوئی ہے، وضاحت کیلئے رجوع کا حق اس لیے دیا تھا کہ مختصر حکم نامے پر عملدرآمد میں کوئی پریشانی نہ ہو، اب تفصیلی فیصلہ جاری ہوچکا ہے، لہٰذا اب کسی وضاحت کی ضرورت نہیں رہی۔
اکثریتی ججز نے کہا کہ تفصیلی فیصلے میں تمام تر قانونی و آئینی نکات کا احاطہ کر دیا گیا ہے، ہم تفصیلی وجوہات جاری کرنے سے پہلے وضاحت جاری کر چکے ہیں، مختصر حکمنامے کے مطابق جاری پہلی وضاحت کو بھی ہماری تفصیلی وجوہات میں شامل کر لیا گیا تھا، مختصرحکمنامے میں وضاحت طلب کرنے کا اختیار عبوری سہولت تھی جب تک تفصیلی وجوہات نہ دی جائیں۔
ججز نے کہا کہ تفصیلی وجوہات پہلے ہی جاری کی جا چکی ہیں، فریقین کی طرف سے اٹھائے گئے تمام قانونی اور آئینی معاملات کو جامع طور پر نمٹا دیا گیا ہے، جوابات دیے گئے ہیں، لہٰذا مزید کسی وضاحت کی ضرورت نہیں ہے، عدالت کے فیصلے کا آئین کے آرٹیکل 189 کے تحت لازم نفاذ ہے اور اسے نافذ کیا جانا چاہیے تھا۔