حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ جو مسودہ آج کمیٹی کے سامنے آیا وہ حتمی تھا، جسے پارلیمانی کمیٹی نے اتفاق رائے سے منظور کیا۔
سب تک نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کے دوران عرفان صدیقی نے کہا کہ میٹنگ میں تمام جماعتوں کی نمائندگی تھی، تارڑ صاحب نے ایک ایک شق کو اچھے سے بیان کیا۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمانی کمیٹی اجلاس میں سید خورشید شاہ نے پوچھا تھا آپ لوگ اس مسودے پر اتفاق کرتے ہیں، عامر ڈوگر نے کہا مسودہ بہتر لگتا ہے، لیکن ایک جماعت سے میرا تعلق ہے۔
ن لیگی سینیٹر نے مزید کہا کہ خورشید شاہ نے اعلان کرکے مسودہ منظور کیا، اس پر اتفاق رائے ہوا، پی ٹی آئی کے ساتھ دیگر جماعتیں اس پر متفق تھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم شروع میں یہ سمجھے تھے پی ٹی آئی اور مولانا فضل الرحمان کا مسودہ ایک ہوگا، مولانا فضل الرحمان، ن لیگ، پیپلز پارٹی کا مسودہ ایک ہوا۔
عرفان صدیقی نے یہ بھی کہا کہ ووٹ سے متعلق کوئی کسی سے زبردستی نہیں کرسکتا، 3 جماعتوں کا اتفاق رائے ہے، ایم کیو ایم، اے این پی بھی ساتھ ہیں۔