نئے چیف جسٹس آف پاکستان کی تقرری کیلئے 12 رکنی خصوصی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس ساڑھے 8 بجے تک ملتوی کردیا۔
وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ چیف جسٹس پاکستان کی نامزدگی کیلئے کمیٹی کا پہلا اجلاس ہوا، جو اب ساڑھے 8 بجے دوبارہ ہوگا۔
خصوصی پارلیمانی کمیٹی کا بند کمرہ اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس کے کمیٹی روم 5 میں ہوا، اجلاس کے بائیکاٹ کے باوجود سنی اتحاد کونسل کے 3 ارکان کیلٸے نشستیں موجود ہیں، اجلاس میں علی ظفر، بیرسٹر گوہر اور حامد رضا کی نشستیں لگائی گئی ہیں، تمام 12 اراکین کی نیم پلیٹس بھی لگائی گئی ہے۔
راجا پرویز اشرف، فاروق ایچ نائیک، کامران مرتضیٰ، رعنا انصار ، احسن اقبال، شائشتہ پرویز ملک، اعظم نذیر تارڑ، خواجہ آصف بھی کمیٹی اجلاس میں موجود تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی میں چیف جسٹس کی تقرری کیلئے سیکریٹری قانون کے بھیجے گئے 3 ججز کے نام پیش کیے گئے، سیکریٹری قانون نے 3 سینئر ترین ججز کے ناموں کا پینل کمیٹی کو بھجوایا تھا۔
اجلاس میں آج ہی نئے چیف جسٹس پاکستان کی تقرری کی منظوری دیے جانے کا امکان ہے، سپریم کورٹ کے 3 سینئر ترین ججز میں جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر، جسٹس یحییٰ آفریدی شامل ہیں۔