سابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ کے اپنے حلقے میں کوئی اچھا پارک نہیں ہے۔
حیدر آباد میں پریس کانفرنس کے دوران مفتاح اسماعیل نے کہا کہ عوام پاکستان پارٹی کی طرف سے پہلی پریس کانفرنس کر رہا ہوں، ہم سندھ کے اندر بڑا کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی 2008 سے حکومت میں ہے، حیدرآباد سمیت سندھ کا حال دیکھیں، سندھ کے لوگوں کو وہ ڈیلیور نہیں کیا جو کرنا چاہیے تھا۔
سابق وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ حیدرآباد میں سڑکوں، پینے کے پانی، لوڈشیڈنگ، بے روزگاری سمیت دیگر مسائل ہیں، رانی باغ سمیت سارے پارک تباہ ہوچکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی کو چھوڑ کر سندھ بھر میں کوئی فیملی پارک نہیں، وزیراعلی کے اپنے حلقے میں کوئی اچھا پارک نہیں ہے۔
مفتاح اسماعیل نے یہ بھی کہا کہ حیدرآباد میں کسی دور میں ٹیسٹ میچ ہوا کرتے تھے، اگر ہمیں موقع ملا تو ہم پورے سندھ میں بہتر حکمرانی دیں گے۔