پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر انفرا اسٹرکچر قاضی جواد احمد کا کہنا ہے کہ قذافی اسٹیڈیم لاہور کی اپ گریڈیشن کا کام 45 فیصد مکمل کر لیا گیا ہے۔
قاضی جواد احمد نے چیمپئِنز ٹرافی 2025ء کے سلسلے میں قذافی اسٹیڈیم لاہور میں جاری اپ گریڈیشن کے منصوبے کے حوالے سے بریفنگ دی۔
انہوں نے کہا کہ اپ گریڈیشن کا کام تیزی سے جاری ہے 31 دسمبر کی ڈیڈ لائن کے مطابق کام کر رہے ہیں ہم نے مرحلہ وار کام مکمل کرنے کی جو تاریخیں مقرر کر رکھی ہیں ہم ان سے آگے چل رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اب تک اپ گریڈیشن کا 45 فیصد کام مکمل کر لیا ہے پویلین کی بلڈنگ کا کام اب فنشنگ کی طرف جا رہا ہے کالمز کی تعداد 260 ہے 120 مکمل کر چکے ہیں۔
قاضی جواد احمد نے کہا کہ باقی کالمز آٹھ دس روز میں کام مکمل ہو جائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ چیمپئنز ٹرافی کے معاملات کے حوالے سے آئی سی سی کا وفد 10، 11 اور 12 نومبر کو یہاں ہوگا، وفد انتظامات کا جائزہ لینے کے علاوہ دیگر پروگرامز میں بھی شریک ہوگا۔