آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں جنگ اور جیو کے اشتراک سے جاری 38 روزہ ورلڈ کلچر فیسٹیول کا آج آخری دن ہے۔
عالمی ثقافتی میلے کی اختتامی تقریب وائے ایم سی اے گراؤنڈ میں منعقد کی جائے گی۔
تقریب کا آغاز شام 6 بجے ہو گا جبکہ رجسٹریشن کروانے والوں کے لیے اس تقریب میں داخلہ مفت ہے۔
اختتامی تقریب میں لیجنڈ طنز و مزاح اور ڈرامہ نگار انور مقصود، گلوکار و موسیقار عاصم اظہر، لوک گائیک اختر چنل زہری اور شاعر تہذیب حفی پرفارم کریں گے۔
YMCA گراؤنڈ سے متصل سڑکیں بند
وائے ایم سی اے گراؤنڈ میں ورلڈ کلچر فیسٹیول کی اختتامی تقریب کے حوالے سے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وائے ایم سی اے گراؤنڈ سے منسلک سڑک ٹریفک کے لیے بند ہو گی، شرکاء ایم آر کیانی روڈ، سرور کیانی روڈ پر گاڑیاں کھڑی کر سکتے ہیں۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ڈی جے کالج گراؤنڈ، بارہ دری اور فیضی لائبریری پر پارکنگ کا انتظام ہو گا، شاہین کمپلیکس سے ایم آر کیانی روڈ، ایوانِ صدر روڈ ٹریفک کے لیے بند رہے گا، کورٹ روڈ سے ایم آر کیانی چوک جانے والی سڑک کو بھی بند رکھا جائے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستانی موسیقی کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
اس کے ساتھ ہی مصر کے تھیٹر فنکاروں نے ورکشاپ میں اداکاری کے گُر بھی سکھائے تھے۔