پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین سید سلطان شاہ کا کہنا ہے کہ بھارتی ٹیم آئے یا نہ آئے بلائنڈ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی میزبانی پاکستان ہی کرے گا۔
’ سب تک نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارتی ٹیم کے بغیر بلائنڈ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ شیڈول کے مطابق پاکستان میں ہو گا۔
سلطان شاہ کا کہنا ہے کہ پاکستان بھارتی ٹیم کو ویزا دے رہا ہے، ان کی حکومت اجازت نہیں دے رہی، ورلڈ کپ میں شریک باقی تمام ٹیمیں پاکستان آ رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم اپنی تیاری پوری کر رہے ہیں، کسی ٹیم کے نہ آنے سے فرق نہیں پڑتا۔
چیئرمین پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کا کہنا ہے کہ بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ 23 نومبر تا 3 دسمبر پاکستان میں ہو گا۔
واضح رہے کہ بلائنڈ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے بھارتی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو پاکستان آنے کے لیے تاحال حکومتی منظوری نہیں مل سکی۔
بھارتی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو وزارتِ کھیل کی جانب سے این او سی مل چکا ہے جبکہ ٹیم کو وزارتِ داخلہ اور خارجہ سے تاحال کلیئرنس نہیں ملی۔