مسلم لیگ (ن) کے رہنما دانیال چوہدری نے کہا ہے کہ جب بھی ملک ترقی کرنے لگتا ہے یہ احتجاج اور دھرنا دینا شروع کردیتے ہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ ہمارے دشمنوں کو پاکستان کی ترقی ہضم نہیں ہورہی، بانیٔ پی ٹی آئی نے ملنے والے تحائف بیچے۔
دانیال چوہدری نے کہا کہ ایس سی او کو ناکام کرنے کے لیے بھی انہوں نے کوئی کسرنہیں چھوڑی، بشریٰ بی بی کا حالیہ بیان قابلِ مذمت ہے۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ پی ٹی آئی والے چاہتے ہیں کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات خراب ہوں۔
مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ ان کو معلوم ہے ہمارے سعودی عرب سے تجارتی تعلقات آگے جا رہے ہیں، یہ ان تجارتی تعلقات کو خراب کرنا چاہتے ہیں، پاکستان جب ترقی کرنے لگتا ہے یہ کچھ ایسا کرتے کہ سبوتاژ کریں۔
دانیال چوہدری نے کہا کہ یہ پاکستان کو کمزور کرنے کی کوشش کرتے ہیں، وزیرِ اعظم نے بجلی کے صارفین کے لیے ریلیف پیکج دیا۔
دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر طلال چوہدری نے کہا ہے کہ اپنے مفادات کی خاطر ملک کی سلامتی کو داؤ پر لگایا گیا، پی ٹی آئی کی سیاست غیر سیاسی لوگوں کے ہاتھوں میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ چند گھریلو خواتین کے ہاتھ میں پی ٹی آئی کی باگ ڈور ہے، کل کے بیان پر ان کو شرم آنی چاہیے، پی ٹی آئی نے عہدوں کا ناجائز اور غلط استعمال کیا۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ سیاست کے لیے جھوٹ کا بیانیہ بنانا آپ کی عادت ہے، آپ کے جھوٹ کا بیانیہ بکتا رہا اس لیے آپ بیچتے ہیں، پی ٹی آئی کا نشانہ وہ دوست ممالک ہیں جو مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب ہر مشکل وقت میں ہمارے ساتھ کھڑا رہا، پی ٹی آئی انہی ممالک کو کیوں ٹارگٹ کرتی ہے جو دوست ممالک ہیں؟