وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا کہ اس وقت تک ڈی چوک سے واپس نہیں جانا جب تک مطالبات پورے نہ ہوں، ہمارے مطالبات میں سب سے پہلے بانی پی ٹی آئی اور دیگر قیادت کی رہائی ہے، آئین کا تحفظ بھی ہمارے مطالبات میں شامل ہے، حقیقتی آزادی کیلئے ہر حد تک جائیں گے۔
سب تک نیوز سے خصوصی گفتگو میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ ان کا اختیار بانی پی ٹی آئی کے پاس ہے جو وہ کہیں گے کریں گے اور کارکنوں کے ساتھ ہرصورت ڈی چوک پہنچیں گے۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی جو جنگ لڑ رہے ہیں، وہ پاکستان کی نسلوں کی جنگ ہے، بانی پی ٹی آئی کو بے گناہ قید کیا گیا ہے، 24 نومبر کو ہم سب نے ڈی چوک تک پہنچنا ہے، ہمارے ساتھ زیادتی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ انشاءاللّٰہ یہ جنگ ہم نے اپنی نسلوں کیلئے جیتنی ہے، تمام لوگوں کی منزل ڈی چوک ہے، جو بھی نقصان ہوگا حکومت ذمہ دار ہوگی، جتنی بھی رکاوٹیں ہیں ان کا مقابلہ کرنا ہے۔