ہیلسنکی (اے ایف پی) فن لینڈ کے نیشنل بیورو آف انویسٹی گیشن نے گزشتہ روز کہا کہ اس نے فن لینڈ اور جرمنی کو ملانے والی زیر سمندر ٹیلی کام کیبل کے ٹوٹنے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، جسے برلن تخریب کاری سمجھتا ہے۔این بی آئی نے کہا کہ نیشنل بیورو آف انویسٹی گیشن (این بی آئی) کو (نیٹ ورک آپریٹر) سینیا اوئے سے بحیرہ بالٹک میں ٹوٹے ہوئے سی-لائن 1 کیبل کے بارے میں تحقیقات کی درخواست موصول ہوئی ہے۔اس نے مزید کہا کہ وہ یہ جاننے کی کوشش کررہا ہے کہ کیا ہوا ہے۔علاوہ ازیں،سویڈش حکومت کے ایک وزیر نے کہا کہ ان کا ملک لتھوانیا اور سویڈن کو ملانے والی زیر سمندر ٹیلی کمیونیکیشن کیبل ٹوٹنے کی تحقیقات کر رہا ہے۔شہری دفاع کے وزیر کارل آسکر بوہلن نےکہا کہ یہ واضح کرنا بہت ضروری ہے کہ بحیرہ بالٹک میں دو کیبلز کیوں کام نہیں کر رہی ہیں۔آپریٹر ٹیلییا کی لتھوانیا کی شاخ کے ترجمان نے گزشتہ روز بتایا کہ سویڈش جزیرے گوٹ لینڈ اور لتھوانیا کے درمیان ایریلین آبدوز کیبل اتوار کی صبح سے خراب ہے۔