کراچی میں ریڈ لائن بس سروس کا ترقیاتی کام عوام کیلئے درد سر بن گیا، ترقیاتی کام کے دوران 84 انچ قُطر کی سپلائی لائن پھٹ گئی۔
پانی کی مین سپلائی لائن پھٹنے سے یونیورسٹی روڈ زیرآب آگیا، پانی یونیورسٹی روڈ پر جمع ہونے سے ٹریفک متاثر ہوگیا، جامعہ کراچی اور این ای ڈی کے طلبہ و طالبات کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
سپرنٹنڈنٹ انجینئر واٹر ٹرنک مین کا کہنا ہے کہ 84 انچ ڈائی کی لائن ریڈ لائن بی آر ٹی کے تعمیراتی کام کے دوران پھٹی، ریڈ لائن حکام کو بتایا گیا تھا اس مقام سے پانی سپلائی کی مین لائن گزر رہی ہے، حکام کو آگاہ کرنے کے باوجود ریڈ لائن بی آر ٹی عملہ نے یہاں کھدائی کی۔
سپرنٹنڈنٹ انجینئر تنویر شیخ کا کہنا ہے کہ لائن پھٹنے سے ڈسٹرکٹ ایسٹ اور ڈسٹرکٹ ساؤتھ کے علاقے متاثر ہوں گے، لائن کی مرمت کا کام شروع کر دیا، جس میں 24 سے 48 گھنٹے لگ سکتے ہیں۔