غزہ کے محکمۂ صحت کے ڈائریکٹر نے انکشاف کیا ہے کہ اسرائیلی افواج انسانی جسم تحلیل کرنے والے ممنوع ہتھیار استعمال کر رہی ہے جن سے لاشیں بخارات بن جاتی ہیں۔
مزید 48 فلسطینی شہید
غزہ میں اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ جاری ہے، شمالی غزہ میں بیت لاھیا میں ہونے والی بم باری میں مزید 10 فلسطینی شہید ہو گئے، گزشتہ روز سے اب تک مختلف اسرائیلی حملوں 48 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں حماس اور فلسطینی گروپ الفتح کے درمیان رفح بارڈر کراسنگ کو دوبارہ کھولنے پر تبادلۂ خیال کیا جا رہا ہے۔
اسرائیل کا جبالیہ اور اباسین الکبیرہ پر حملہ
میڈیا کی رپورٹس کے مطابق حماس اور الفتح میں ہونے والے مذاکرات کے دوران اسرائیل نے غزہ کے مختلف علاقوں شمال میں جبالیہ اور جنوب میں اباسین الکبیرہ پر حملہ کیا ہے۔
عرب میڈیا کی رپورٹس کے مطابق اتوار کو اسرائیلی فورسز کے حملوں میں 34 فلسطینی شہید ہوئے جبکہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فورسز کے چھاپے کے دوران 4 فلسطینی شہید ہوئے۔
انروا کی بذریعہ کریم ابوسالم کراسنگ امداد کی ترسیل معطل
ادھر اقوامِ متحدہ کے ادارے انروا نے خراب حالات کے باعث کریم ابوسالم کراسنگ کے ذریعے امداد کی ترسیل معطل کر دی۔
میڈیا کی رپورٹس کے مطابق امدادی ٹرکوں پر حملہ کرنے والے گروہوں کو اسرائیل کی حمایت حاصل ہے۔
کُل فلسطینی شہداء کی تعداد ہزار 429 ہو گئی
واضح رہے کہ غزہ میں 7 اکتوبر 2023ء سے جاری اسرائیلی بربریت کے نتیجے میں تقریباً 44 ہزار 429 فلسطینی شہید، 1 لاکھ 5 ہزار 250 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔