وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ خیبر پختون خوا میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعدادِ کار بڑھانے میں سپورٹ کریں گے۔
محسن نقوی پشاور پہنچ کر وزیرِ اعلیٰ آفس آئے جہاں علی امین گنڈاپور نے ان کا خیر مقدم کیا۔
وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی اور وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور کی ملاقات میں امن و امان کی صورتِ حال اور کرم میں قیامِ امن کے لیے اقدامات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
وزیرِ داخلہ اور وزیرِ اعلی نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شہداء کو خراجِ عقیدت بھی پیش کیا۔
اس موقع پر محسن نقوی نے وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا کو قیامِ امن کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
انہوں نے کہا کہ کرم میں قیامِ امن اولین ترجیح ہے، تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے کرم میں پائیدار امن کے لیے اقدامات کی ضرورت ہے، شہداء ہمارے لیے سرمایۂ افتخار ہیں، ان کی لازوال قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔
اس موقع پر علی امین گنڈاپور نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں، مل کر دہشت گردی کے عفریت کا مقابلہ کریں گے۔