2024ء میں ہالی ووڈ اور بالی ووڈ کی کئی شخصیات والدین بنی ہیں۔
بالی ووڈ کی خوبصورت جوڑی دیپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ کے ہاں 9 ستمبر کو بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی جس کا نام انہوں نے ’دعا پڈوکون سنگھ‘ رکھا ہے۔
38 سالہ دیپیکا پڈوکون کی 39 سالہ رنویر سنگھ سے شادی 14 نومبر 2018ء کو ہوئی تھی۔
اسی سال بالی ووڈ انڈسٹری کے معروف اداکار ورون دھون اور ان کی اہلیہ نتاشا دلال کے ہاں پہلی بیٹی کی پیدائش ہوئی۔
ورون دھون اور ان کی اہلیہ شادی کے 3 سال بعد والدین بنے۔
بھارتی اداکار ورون دھون نے 2021ء میں اپنے اسکول کے دور کی محبت نتاشا دلال سے شادی کی تھی۔
علاوہ ازیں مشہور فیشن ڈیزائنر مسابا گپتا اور اداکار ستیادیپ مشرا کے ہاں اکتوبر میں بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی۔
واضح رہے کہ مسابا گپتا لیجنڈری ویسٹ انڈین کھلاڑی سر ویوین رچرڈز اور نینا گپتا کی بیٹی ہیں، جنہوں نے ستیادیپ سے جنوری 2023ء میں شادی کی تھی۔
بالی ووڈ کی معروف اداکارہ انوشکا شرما اور بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ویرات کوہلی کے ہاں بیٹی کی پیدائش کے بعد اس سال فروری میں بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی۔
خیال رہے کہ ویرات کوہلی اور انوشکا شرما 2017ء میں شادی کے بندھن میں بندھے تھے۔
جنوری 2021ء میں ان کے ہاں پہلی اولاد بیٹی نے جنم لیا تھا جس کا نام انہوں نے وامیکا رکھا تھا، سنسکرت میں وامیکا کا مطلب درگا دیوی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بالی ووڈ اداکارہ ریچا چڈھا اور علی فضل کی سال 2020ء میں شادی کے بعد ان کے گھر 16 جولائی 2024ء کو بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی۔
علاوہ ازیں بالی ووڈ کی معروف اداکارہ یامی گوتم اور اُن کے شوہر ادیتیہ دھر نے مئی میں فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ پر اپنے مداحوں کو بیٹے کی پیدائش کی خوش خبری سنائی تھی۔
بالی ووڈ جوڑی وکرانت میسے اور شیتل ٹھاکر کے ہاں بھی اسی سال فروری میں بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی۔
وکرانت میسے اور شیتل ٹھاکر 14 فروری 2022ء میں ہماچل پردیش میں شادی کے بندھن میں بندھے تھے۔
بھارتی اداکارہ یوویکا چوہدری کے ہاں بھی اسی سال بیٹی کی ولادت ہوئی تھی۔
بھارتی اداکارہ و ماڈل درشتی دھامی اور نیرج کھیمکا بھی اسی سال والدین بنے، ان کے ہاں 22 اکتوبر کو بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی۔
بھارتی معروف اداکارہ سونالی سیگل اور اشیش سجنانی کے ہاں بھی اسی سال بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی۔
دوسری جانب ہالی ووڈ اداکارہ مارگوٹ روبی اور ان کے شوہر ٹام ایککرلی بھی پہلی دفعہ نومبر میں بیٹے کے والدین بنے تھے۔
علاوہ ازیں بین الاقوامی شہرت یافتہ کینیڈین گلوکار جسٹن بیبر اور ان کی اہلیہ ہیلی بیبر نے اگست میں شادی کے 6 سال بعد اپنے ہاں پہلی اولاد (بیٹے) کو خوش آمدید کہا۔
یاد رہے کہ معروف گلوکار جسٹن بیبر اور ہیلی بیبر 2018ء میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے۔