پشپا 2 کے پریمیئر کے دوران ہونے والی بھگدڑ میں خاتون کی ہلاکت کے کیس میں پولیس نے الو ارجن کو طلب کرلیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق حیدرآباد (دکن) پولیس نے الو ارجن کو کل پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا ہے۔ اداکار اس کیس میں ضمانت پر ہیں۔
خیال رہے کہ یہ واقعہ 4 دسمبر کو حیدرآباد کے سندھیا تھیٹر میں فلم پشپا 2 کی اسکریننگ کے دوران پیش آیا تھا جہاں بھگدڑ میں ایک خاتون ہلاک اور ان کا بیٹا شدید زخمی ہوگیا تھا۔
پولیس کے مطابق الو ارجن کو کل صبح 11 بجے چکّڑپلی پولیس اسٹیشن میں پیش ہونے کا کہا گیا ہے۔ اس پیشرفت پر بات کرنے کےلیے اداکار کی قانونی ٹیم نے آج شام ان کے گھر پر ملاقات کی۔
واقعے کے بعد تھیٹر انتظامیہ، الو ارجن اور ان کی ٹیم کے خلاف غیر ارادی قتل کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
13 دسمبر کو اداکار کو گرفتار کرکے مقامی عدالت نے 14 دن کےلیے حراست میں بھیج دیا تھا لیکن اسی دن تلنگانہ ہائی کورٹ نے انہیں چار ہفتوں کےلیے عبوری ضمانت دے دی۔
اب پولیس نے الو ارجن کو نیا نوٹس جاری کیا ہے جبکہ رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ پولیس ہائی کورٹ سے ان کی عبوری ضمانت منسوخ کرنے کی درخواست کرنے کا بھی ارادہ رکھتی ہے۔
حیدرآباد پولیس کمشنر سی وی آنند نے ایک روز قبل کہا تھا کہ اس کیس میں مزید قانونی رائے لینے کے بعد اگلا قدم اٹھایا جائے گا۔