وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو فاٹا اور پاٹا میں بجلی کھپت کا تخمینہ لگانے کی ہدایت کردی۔
اسلام آباد میں احسن اقبال نے چینی اسٹیل ملزکے حکام سے ملاقات کی اور ملز کے آپریشن مسائل دور کرنے کی ہدایت کی۔
وزارت منصوبہ بندی کے اعلامیے کے مطابق وفاقی وزیر نے بورڈ آف انویسٹمنٹ کو چینی اسٹیل ملز کے مسائل فوری حل کرنےکی ہدایت کی۔
انہوں نے رشکئی اقتصادی زون میں بجلی کی قیمت عام صارفین کے برابر کرنے جبکہ ایف بی آر کو فاٹا اور پاٹا میں بجلی کھپت کا تخمینہ لگانے کی ہدایت کی۔
احسن اقبال نے خیبر پختونخوا اکنامک زونز ڈیولپمنٹ مینجمنٹ کمپنی کو زمین کی قیمتیں جلد طے کرنے کی بھی ہدایت کی۔
اعلامیے کے مطابق دوران ملاقات چینی ماہرین نے وفاقی وزیر سے خصوصی اقتصادی زونز میں زمین مفت فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔
اعلامیے کے مطابق رشکئی اقتصادی زون میں زمین کی قیمتوں پر چینی اسٹیل ملز کو رعایت دینے پر غور ہوا، وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ چینی اسٹیل ملز کو مطلوبہ زمین فوری فراہم کی جائے۔
وزارت منصوبہ بندی کے اعلامیے کے مطابق احسن اقبال نے صنعتی زون کےلیے بجلی کے نرخوں میں توازن برقرار رکھنے پر زور دیا اور حائل رکاوٹیں فوری دور کرنے کی ہدایت کی۔
احسن اقبال نے کہا کہ پشاور چیمبر کے تاجروں کو بھی مسائل کے حل کےلیے مشاورت میں شامل کیا جائے گا۔