یوم قائدِ، کرسمس اور نئے سال کی تقریبات کے دوران سیکیورٹی فول پروف بنانے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل منظور کر لیا گیا۔
ترجمان رینجرز کے مطابق ڈی جی رینجرز میجر جنرل محمد شمریز اور آئی جی سندھ کی زیرِ صدارت سیکیورٹی پر اجلاس منعقد ہوا جس میں کمشنر کراچی، ایڈیشنل آئی جیز، حساس اداروں کے اعلیٰ افسران و دیگر نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران یومِ قائدِ، کرسمس اور نئے سال کی تقریبات کی مناسبت سے سیکیورٹی اور کراچی میں موجودہ امن وامان کی صورتِ حال کا جائزہ لیا گیا۔
ترجمان رینجرز کے مطابق اجلاس کے دوران ڈی جی رینجرز اور آئی جی سندھ کی جانب سے جرائم پیشہ افراد کے خلاف رینجرز اور پولیس کا مشترکہ آپریشن تیز، کراچی کے داخلی، خارجی راستوں اور بین الصوبائی چیک پوسٹوں پر چیکنگ سخت بنانے کی ہدایات جاری کی گئیں۔
اسی طرح سالِ نو پر اسلحے کی نمائش اور ہوائی فائرنگ پر پابندی یقینی بنانے کی بھی ہدایت جاری کی گئی۔
رینجرز کے ترجمان کے مطابق اجلاس کے دوران قانون کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔