کرسمس کے موقع پر امریکا میں مشہور کافی برانڈ کی ورکرز یونین نے اجرت کے معاملے پر ہڑتال 300 سے زائد اسٹورز تک پھیلانے کا اعلان کر دیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکا میں مشہور کافی برانڈ کی ورکرز یونین نے اجرت اور عملے کی کمی کے مسئلے پر انتظامیہ سے بات چیت میں ڈیڈ لاک کے بعد ہڑتال کا دائرہ کار بڑھانے کا اعلان کیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ آج سے ہڑتال امریکا میں موجود 300 سے زائد اسٹورز تک پھیل جائے گی، جس میں 5000 سے زائد کارکنوں کے کام چھوڑنے کی توقع ہے۔
یونین کا کہنا ہے کہ تنخواہوں میں فوری اضافہ نہ ہونے اور مستقبل میں صرف 1.5 فیصد اضافے کی گارنٹی والی پیشکش کو رواں ماہ مسترد کر دیا گیا تھا۔
اس حوالے سے کافی برانڈ کے ترجمان نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کافی اسٹور کرسمس کے موقع پر صارفین کو خدمت فراہم کرتے رہیں گے۔