آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول اور گروپس کا اعلان کردیا ہے۔ ایونٹ کا افتتاحی میچ 19 فروری کو کراچی میں کھیلا جائے گا جبکہ فائنل 9 مارچ کو ہوگا۔
آٹھ ٹیموں پر مشتمل اس ٹورنامنٹ میں 15 میچز کھیلے جائیں گے۔ میچز پاکستان اور دبئی میں کھیلے جائیں گے۔
پاکستان میں راولپنڈی، لاہور اور کراچی تین مقامات ہوں گے جہاں چیمپئنز ٹرافی کے میچز کھیلے جائیں گے۔ ہر وینیو میں تین گروپ میچز ہوں گے جبکہ لاہور دوسرے سیمی فائنل اور بھارت کے فائنل میں نہ پہنچنے کی صورت میں فائنل کی میزبانی کرے گا۔
تاہم اگر بھارت فائنل کے لیے کوالیفائی کرتا ہے تو فائنل دبئی میں کھیلا جائے گا۔ دونوں سیمی فائنلز اور فائنل کے لیے ریزرو دن مختص کیا گیا ہے۔
بھارت کے تین گروپ میچز اور سیمی فائنل میں پہنچنے کی صورت میں پہلا سیمی فائنل دبئی میں ہوں گے۔
افتتاحی میچ اور اہم مقابلے
ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ 19 فروری کو کراچی میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہوگا۔ دبئی میں میچز کا آغاز اگلے دن بھارت اور بنگلادیش کے درمیان میچ سے ہوگا۔
گروپ بی کے میچز کا آغاز 21 فروری کو کراچی میں افغانستان اور جنوبی افریقہ کے مقابلے سے ہوگا۔
ہفتے کے روز 22 فروری کو لاہور میں انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان اہم مقابلہ ہوگا جبکہ 23 فروری کو دبئی میں پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑا ٹاکرا ہوگا۔
ٹورنامنٹ میں شامل ٹیمیں اور گروپس
واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی میں وہ آٹھ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جو آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ 2023 کے پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ 8 پوزیشنز پر تھیں۔
گروپ اے: پاکستان، بھارت، نیوزی لینڈ، بنگلادیش
گروپ بی: جنوبی افریقہ، آسٹریلیا، افغانستان، انگلینڈ