مشیرِ اطلاعات خیبر پختون خوا بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا ہے کہ عطاء اللّٰہ تارڑ ہر روز کوئی نہ کوئی ایسی بات کر جاتے ہیں جس سے ان کی نااہلی عیاں ہو جاتی ہے، انہوں نے خیبر پختون خوا کی معیشت پر بات کر کے بڑے بڑے معیشت دانوں کی ہنسی نکال دی۔
ایک بیان میں محمد علی سیف نے کہا کہ شہباز شریف کے صرف 2 سالہ اقتدار میں پاکستان کا قرضہ 27 ہزار ارب روپے بڑھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کا وائٹ پیپر کاپی کر کے خیبر پختون خوا کے کھاتے میں ڈال دیا، خیبر پختون خوا کا قرضہ 725 ارب روپے ہے جبکہ وفاق ہر مہینے اتنا ہی قرض لیتا ہے۔
مشیرِ اطلاعات خیبر پختون خوا کا کہنا ہے کہ خیبر پختون خوا کا قرض بھی وفاقی حکومت کی نااہلی کی وجہ سے بڑھا ہے، جعلی حکومت کی وجہ سے تقریباً 350 ارب روپے قرضہ بڑھا ہے، دوسری صورت میں خیبر پختون خوا کا قرضہ آج 400 ارب روپے ہوتا۔
پی ٹی آئی کے رہنما نے کہا کہ عطاء تارڑ بے چارے بیک وقت دو نوکریاں کرتے ہیں، شہباز اور مریم نواز دونوں کی نااہلیاں چھپاتے پھر رہے ہیں، خیبر پختون خوا میں صحافیوں کے خلاف کارروائی کی بات بھی مضحکۂ خیز ہے، صحافی تو اسلام آباد میں محفوظ نہیں ہیں۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ گزشتہ 9 مہینوں میں صحت کارڈ پر 7 لاکھ 80 ہزار سے زائد مریضوں کا علاج ہو چکا ہے، گورنر کے وائس چانسلرز کی تعیناتی میں روڑے اٹکانے پر وزیرِ اعلیٰ کو چانسلر بنایا گیا۔
بیرسٹر سیف نے یہ بھی کہا کہ سوشل میڈیا پر اربوں خرچ کرنے والی بات مریم نواز کی حد تک ٹھیک ہوسکتی ہے لیکن کے پی میں نہیں۔