اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ انتشار کی سیاست نہیں کی ،ن لیگ نے سیاست قربان کرکے ترقی کو ترجیح دی، نوازشریف کو سیاست سے مائنس کرنے کی سازش ہوئی مگر سرخرو ہوئے، گوادر ایئرپورٹ پاک چین دوستی کی مثال، علاقے میں خوشحالی آئیگی، روزگار کے مواقع پیدا ہونگے، عظیم دوست ملک چین کے شکر گزار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے یوم تاسیس پر بیان اور نیو گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے متعلق اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ نیو گوادر ایئرپورٹ رقبے کے لحاظ سے ملک کا سب سے بڑا ایئر پورٹ ہوگا،یہ اے380جہاز کو ہینڈل کر سکتا ہے، اس موقع پر وزیر اعظم نے نئے ایئرپورٹ کو مصروف ٹرانزٹ بنانے کیلئے قابل عمل حکمت عملی ترتیب دینے کی ہدایت کی۔ علاوہ ازیں وزیراعظم سے افغانستان کیلئے پاکستان کے نمائندہ خصوصی محمد صادق خان نے ملاقات کی اور وزیراعظم کو اپنے حالیہ دورہ کابل کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اس موقع پر وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے۔ علاوہ ازیں وزیر اعظم سے گزشتہ روز انسداد پولیو ٹیم سے ملاقات میں کی ۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا ہے کہ پولیو ختم کرنے کیلئے مشترکہ کوششیں کررہے ہیں۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ پولیو ورکرز کی سیکورٹی کے سلسلے میں تمام تر ممکنہ اقدامات کئے جائیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت نیو گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے متعلق امور پر اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کے دوران وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ نیو گوادر ایئرپورٹ سے سالانہ40لاکھ مسافر سفر کرینگے،مسقط کیلئے پروازوں کا آغاز 10جنوری سے ہوگا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ بین الاقوامی معیار اور جدید سہولیات سے آراستہ ائیرپورٹ تعمیر کرنے پر ہم عظیم دوست چین کے شکر گزار ہیں۔ وزیراعظم نے نیو گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ اور ملک خصوصاً صوبہ بلوچستان کے دیگر علاقوں کے درمیان رابطہ سڑکوں کا نظام بہتر بنانے اور نیوگوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ کیلئے فول پروف سکیورٹی انتظامات کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس کو نیوگوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ کی آپریشنلائزیشن پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایئرپورٹ پر بینک برانچز کے قیام اور اے ٹی ایم مشینوں کی تنصیب کے حوالے سے سٹیٹ بینک آف پاکستان سے رجسٹرڈ تمام بینکوں سے رابطہ کیا گیا ہے،گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے بذریعہ سڑک رابطہ بہتر بنانے کے حوالے سے ایسٹ۔بے ایکسپریس وے کا پہلا حصہ مکمل ہو چکا ہے جبکہ دوسرے حصے کی فزیبلٹی تیار کی جا رہی ہے۔ علاوہ ازیں مسلم لیگ(ن) کے یوم تاسیس پر شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ آل انڈیا مسلم لیگ کے پلیٹ فارم سے قائد اعظم اور تحریک پاکستان کے دیگر رہنماؤں کی جدو جہد کے نتیجے میں ایک آزاد وطن پاکستان کا قیام عمل میں آیا۔ انکا کہنا تھا کہ بانیان پاکستان کے ویژن کو سامنے رکھتے ہوئے ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کیلئے ہم سب کو ملکر کام کرنا ہے، مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان کی تعمیر و ترقی کیلئے گزشتہ ساڑھے تین دہائیوں سے مصروف عمل ہے۔انکا کہنا تھا کہ ہم نے قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں مگر پاکستان کے وسیع تر مفاد میں انتشار اور عوام کو تقسیم کرنے کی سیاست نہیں کی۔