مسلم لیگ ن کے سینیٹر عرفان صدیقی نے غزہ کی صورتِ حال پر سینیٹ میں قرار داد پیش کر دی۔
سینیٹر عرفان صدیقی نے فلسطین سے اظہارِ یکجہتی کی بھی قرار داد پیش کی۔
سینیٹ اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے عرفان صدیقی نے کہا کہ افسوس ناک صورتِ حال ہے، فلطسین پر ہم الفاظ ادا کرنے کے سوا کچھ نہیں کر سکتے، امتِ مسلمہ ہمیں کہیں نظر نہیں آ رہی۔
سینیٹر عرفان صدیقی کا کہنا ہے کہ 2 ارب مسلمان اور 57 اسلامی ممالک ہیں، او آئی سی اور عرب لیگ بنا رکھی ہیں، کیا وجہ ہے کہ ہماری آواز میں توانائی نہیں ہے، ہم اسرائیل سے جنگ نہیں لڑ سکتے، اس کی توپوں کا مقابلہ نہیں کر سکتے۔
انہوں نے کہا کہ ہم سفارتی محاذ پر بھی کچھ نہیں کر پا رہے، ہر 10 منٹ بعد غزہ میں ایک بچہ شہید ہو رہا ہے، عرب لیگ نے بیان جاری کیا دونوں اطراف سے حملے بند ہونے چاہئیں، عرب لیگ نے ظالم اور مظلوم کو ایک سطح پر رکھ دیا ہے، عرب لیگ سمجھتی ہے جو حماس نے کیا وہ اسرائیل کے ہم پلہ ہے، ہماری ضربیں بے کار ہو چکی ہیں۔