پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیٹر حافظ عبدالکریم نے سینیٹ میں عربی میں تقریر کی۔
سینیٹر حافظ عبدالکریم نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے استدعا کی کہ فلسطینیوں سے عربی میں اظہارِ یک جہتی کرنا چاہتا ہوں۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ایوان اجازت دے تو ٹھیک ورنہ اردو اور انگریزی کے سوا ایوان میں تقریر نہیں کی جا سکتی۔
جس کے بعد سینیٹ کی جانب سے حافظ عبدالکریم کو عربی میں تقریر کرنے کے لیے خصوصی اجازت دی گئی۔
کیا تقاریر سے فلسطینیوں کو دوا مل سکتی ہے؟ بہرہ مند تنگی
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے سینیٹر بہرہ مند تنگی نے کہا کہ حماس کو ختم کرنے کا اعلان فلسطین کو ختم کرنے کا اعلان ہو گا، کیا صرف تقاریر سے فلسطین کے زخمیوں کو دوائیاں مل سکتی ہیں؟
انہوں نے کہا کہ اس ایوان میں سلیم مانڈوی والا کی طرح ارب پتی لوگ موجود ہیں، ہمیں فلسطین کے لیے مالی امداد کا اعلان کرنے کی ضرورت ہے۔
ایوان میں گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ فلسطین کے لیے مسلم ممالک کچھ نہیں کر پا رہے، ایک پانی کی بوتل غزہ نہیں بھیج پا رہے، انفرادی شخص کی بات تو دور کی ہے۔
پاکستان باتوں کے علاوہ کچھ نہیں کر سکتا: سلیم مانڈوی والا
سلیم مانڈوی والا کا کہنا ہے کہ پاکستان بھی باتوں کے علاوہ فلسطین کے لیے کچھ نہیں کر سکتا، مسلمان دنیا میں جتنے بے بس ہیں ہمیں اس کے لیے کچھ کرنا چاہیے، کوئی مسلمان فلسطین کے لیے کچھ نہیں کر سکتا، ہم سب کو شرم آنی چاہیے، ترکیہ کے صدر نے کہا کبھی بھی آپ کے دروازے پر آسکتے ہیں، یہ بات قابل تحسین ہے، پاکستان ایٹمی طاقت ہے۔
مسلم دنیا میں اتحاد نہیں ہے: سینٹر مولانا عطاء الرحمٰن
سینٹر مولانا عطاء الرحمٰن نے ایوان میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ مسلم دنیا متفق ہو جائے تو اسرائیل کو صفحۂ ہستی سے مٹا سکتے ہیں، مسئلہ یہ ہے کہ مسلم دنیا میں اتحاد نہیں ہے۔
سینیٹ اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے وزیرِ داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا کہ بی این پی مینگل نے 2 معاملات پر دھرنا دیا، ایک لاپتہ افراد کا معاملہ ہے دوسرا ڈیتھ اسکواڈ کا، بی این پی مینگل حکومتوں کا حصہ رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اُس وقت بی این پی مینگل کو فورمز کو استعمال کرنا چاہیے تھا، ڈیتھ اسکواڈ نے 5 ہزار شہریوں کو شہید کیا، پنجابیوں کو شہید کیا، بی ایل اے نے 2010ء میں ان ساری کلنگ کا اعتراف کیا ہے۔
سرفراز بگٹی نے یہ بھی کہا کہ بی ایل اے کو ہربیار مری چلاتے ہیں، یو بی اے کو زامران مری چلاتا ہے، لشکر بلوچستان کو جاوید مینگل چلاتے ہیں، ان میں اگرہم نے اختر مینگل کا نام لیا تو ہمیں بتا دیں، ہم نے تو اختر مینگل کو نہیں جوڑا، وہ خود جوڑنا چاہتے ہیں تو ان کی مرضی۔