ڈی جی فوڈ اتھارٹی راجہ جہانگیر انور کا کہنا ہے کہ پنجاب بھر میں خوراک کا کاروبار کرنے والوں کے لیے فوڈ لائسنس حاصل کرنا لازم ہے، لائسنس کے بغیر کاروبار کرنے کی اجازت نہیں ہے۔
صوبائی ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے اپنے بیان میں فوڈ لائسنس کو لازمی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ لائسنس کا مقصد اشیائے خور و نوش کے کاروبار کو پنجاب فوڈ اتھارٹی کے چیکنگ نظام میں شامل کرنا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 1 لاکھ 3 ہزار 6 فوڈ پوائنٹس پنجاب فوڈ اتھارٹی کے چیکنگ نظام میں شامل ہیں۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ گزشتہ 4 ماہ میں پنجاب بھر میں نئے اشیاء خور و نوش کا کاروبار کرنے والوں کو لائسنس جاری کیے ہیں، لائسنس جاری کرنے سے قبل فوڈ پوائنٹ کی قوانین کے مطابق مکمل جانچ کی جاتی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ سالانہ چیکنگ شیڈول کے علاوہ فوڈ پوائنٹس کی سرپرائز چیکنگ بھی کی جاتی ہے۔
راجہ جہانگیر انورکا یہ بھی کہنا ہے کہ لائسنس کے بغیر خوراک کا کاروبار کرنے کی اجازت نہیں ہے۔