آئی جی پنجاب عثمان انور کا کہنا ہے کہ پنجاب سے غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کا انخلاء 3 نومبر سے مرحلہ وار ہو گا، غیر قانونی طور پر مقیم افراد کے انخلاء کے پلان کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، اداروں کے ساتھ مکمل رابطے میں ہیں، حکومتی فیصلے پر من و عن عمل کروائیں گے۔
ایک بیان میں ان کا کہنا ہے کہ غیر قانونی مقیم شہریوں کو منتقلی کے دوران ہولڈنگ پوائنٹس پر رکھا جائے گا، ٹرانسپورٹ، کھانے اور پینے کے انتظامات ضلعی انتظامیہ کی ذمے داری ہو گی، غیر ملکیوں کے انخلاء کے دوران سیکیورٹی ہائی الرٹ رکھی جائے گی۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ تمام شہروں سے مقررہ تاریخ کو غیر قانونی مقیم غیرملکیوں کو باہر بھیجا جائےگا۔
انہوں نے کہا کہ غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو باہر نکالنے والی تمام ٹیمیں انسانی حقوق کی پاسداری یقینی بنائیں گی۔
آئی جی پنجاب کے مطابق پنجاب پولیس کے پاس غیر قانونی غیر ملکیوں کا ڈیٹا بیس اور انٹیلی جنس رپورٹس موجودہ ہیں۔
ڈاکٹر عثمان انور نے یقین دہانی کروائی کہ جس شخص کے پاس پاکستان میں رہائش کی قانونی دستاویزات موجود ہیں اس سے کوئی پوچھ گچھ نہیں ہو گی۔