وزیراعظم کے سیاسی مشیر اور حکومت کی جانب سے کمیٹی میں شریک رانا ثناء اللّٰہ نے پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹی کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ ہونے پر ردعمل دے دیا۔
جیو نیوز کے پروگرام "آج شاہ زیب خانزادہ کیساتھ” میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ ان کا خیال ہے کہ اگر آج کمیٹی کی بانی سے ملاقات نہیں ہوئی تو صبح ضرور ہوجائے گی۔
رانا ثناء نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی کمیٹی سے ملاقات میں رکاوٹ وہی ڈال سکتا ہے جس کی دسترس ہے، آج اگر ملاقات نہیں ہوئی تو کمیٹی کی صبح بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوجائے گی۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کمیٹی کے ممبران نے جیل میں ملاقات کے ماحول سے متعلق بتایا تھا، ملاقات میں تاخیر کی وجہ شاید ملاقات کےلیے ایسے انتظامات ہوں کہ کمیٹی کو دوبارہ اعتراض نہ ہو، ہم نے بھی کہا تھا کہ کیس کے فیصلے کو عذر نہیں بنانا چاہیے۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ پی ٹی آئی نے بھی کہا تھا کہ کیس کے فیصلے کا مذاکرات پر اثر نہیں ہوگا، پی ٹی آئی کو معلوم ہے کہ ٹرائل کورٹ سے سزا اور ہائی کورٹ سے ریلیف ملے گا، ہم بھی پی ٹی آئی کمیٹی کو جو جواب دیں گے لکھ کر دیں گے، اگر سامنے طے شدہ نکات نہ ہوں تو کیسے بات ہوگی۔
رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کمیٹی ارکان نے پہلے دیگر اور پھر بانی پی ٹی آئی کی رہائی کی بات کی، حکومت کے پاس بانی پی ٹی آئی کو ڈیل آفر کرنے کا کوئی ذریعہ نہیں، پہلے کریں یا بعد میں اپنے مینڈیٹ کی ڈیمانڈ وہ لازمی کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور حکومت کا یہ تو کریڈٹ ہے کہ معیشت کو آئی سی یو سے نکال لیا، جس طرح کے الیکشن ہوتے آرہے تھے اسی طرح کا الیکشن 8 فروری کو ہوا، فری اینڈ فیئر الیکشن کیسے ہوں یہ سیاستدانوں نے بیٹھ کر طے کرنا ہے، 2018 کے بعد ہم سب بانی پی ٹی آئی کے ساتھ بیٹھنے کو تیار تھے۔