بالی ووڈ میں امیتابھ بچن، سلمان خان اور شاہ رخ خان سے زیادہ ہٹ فلمیں دینے والے کامیاب اداکار کو کبھی سپر اسٹار نہیں کہا گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بالی ووڈ کو 74 ہٹ فلمیں سلمان خان، شاہ رخ خان اور امیتابھ بچن بھی نہیں دے سکے ہیں لیکن انہیں سپر اسٹار کہا اور لکھا جاتا ہے۔
بالی ووڈ کے اس کامیاب ترین اداکار کو سپر اسٹار کیوں نہیں کہا گیا؟ دراصل سنیما کی دنیا میں فلم کے مرکزی کرداروں کی کامیابی کو ناپنے کے کچھ پیمانے ہیں۔
بطور دلیل کچھ لوگ سپر اسٹار کی پیمائش کےلیے باکس آفس پر سب سے زیادہ کمائی والے اداکار کو بڑا اور کامیاب قرار دیتے ہیں، لیکن یہ غیر منصفانہ اقدام ہے۔
دراصل مہنگائی کی نسبت کو دیکھا جائے تو آج کی معمولی فلم بھی 70 اور 80 کی دہائی میں زیادہ کمائی کرنے والی فلموں سے بھی آگے ہے۔
کچھ لوگ کہتے ہیں کہ سپر اسٹار اداکار وہ ہے، جو سب سے زیادہ کامیاب کہلائے، یہی دلیل ہے، جس کی بنیاد پر امیتابھ بچن اور تینوں خانز بھی سپر اسٹار کا تاج سر پر سجانے میں کامیاب رہتے ہیں۔
بالی ووڈ کی 74 ہٹ فلموں کا اعزاز رکھنے والا اداکار کوئی اور نہیں دھرمیندر ہے، انہوں نے اپنی زیادہ تر فلموں میں مرکزی کردار نبھائے ہیں۔
اداکار کا فلمی کیریئر 5 دہائیوں پر مشتمل ہے، اس دوران انہوں نے 240 سے زائد فلمیں کیں، ان میں 94 فلمیں سرمایہ کاری وصولی کے لحاظ سے کامیاب جبکہ 74 فلمیں ہٹ قرار پائیں، ان میں سے بھی 7 بلاک بسٹر اور 13 سپر ہٹ تھیں۔
اُن کی فلم شعلے بھارتی سنیما کی تاریخ میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم رہ چکی ہے، اس تناظر میں دھرمیندر کے دور یا اُس کے بعد کے سپر اسٹار اداکاروں کی ہٹ فلموں کا جائزہ لیا جائے تو بات اور واضح ہوجاتی ہے۔
امیتابھ بچن نے 153 فلمیں کیں، جن میں سے 56 ہٹ رہیں، سلمان خان کی ہٹ فلموں کی 38، شاہ رخ خان کی 34، عامر خان کی 20، جیتندر 56، متھن چکرورتی 50، راجیش کھنہ 38 اور اکشے کمار 39 شامل ہیں، ان میں کوئی بھی اداکار ہٹ فلموں کی فہرست میں دھرمیندر سے آگے نہیں ہے۔
سوال یہ پیدا ہوتا ہے دھرمیندر کو اپنی شاندار پرفارمنس اور زیادہ ہٹ فلمیں دینے کے باوجود سپر اسٹار کیوں نہیں کہا گیا؟
بالی ووڈ میں دلیپ کمار، راجیش کھنہ اور امیتابھ بچن کو سپر اسٹار کہا جاتا ہے لیکن دھرمیندر کا اپنا ایک نمایاں مقام ہے، دراصل انہوں نے فلم نگری میں جس وقت کام کا آغاز کیا، تو فلموں میں بطور معاون اداکار پرفارم کیا کرتے تھے لیکن بعد میں انہوں نے مرکزی اداکار کے طور پر بھی کئی ہٹ فلمیں دیں لیکن اُن فلموں کا بجٹ اور کمائی ہمیشہ کم رہی۔