اسلام آباد (خبرنگار خصوصی+ سب تکرپورٹ+ آئی این پی) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے غزہ میں شہریوں کے خلاف بڑھتی ہوئی اسرائیلی بربریت اور جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کی قابل مذمت کارروائیوں کو کبھی معاف یا فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ فلسطینی عوام کے قتل عام کو بند کرانے کے لیے دنیا کو اب عملی اقدامات کرنے چاہئیں۔ اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ روز جبالیہ کیمپ پر فضائی حملہ غزہ میں جاری اسرائیلی بربریت اور جنگی جرائم کی واضح مثال ہے جہاں خواتین اور بچوں سمیت سینکڑوں افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی قابل مذمت کارروائیوں کو کبھی معاف یا فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ اس قتل عام کو بند کرانے کے لیے دنیا کو اب عمل کرنا چاہیے۔ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام کی ترقی و خوشحالی وفاقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سپیکر بلوچستان اسمبلی میر جان محمد جمالی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ علاوہ ازیں نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے گلگت بلتستان کے عوام کو جنگ آزادی گلگت بلتستان کے 76 سال مکمل ہونے پرمبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے لوگوں کوبے مثال قربانیوں سے آزادی کی نعمت ملی۔ حکومت پاکستان گلگت بلتستان میں ترقی، امن، خوشحالی اور نوجوان نسل کی بہتری کے لئے بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔ دریں اثناء نگران وزیر اعظم کا 2 روزہ دورہ گلگت خراب موسم کے باعث بلتستان منسوخ کر دیا گیا۔ انوار الحق کاکڑ نے گلگت بلتستان کے 76 ویں یومِ آزادی کی تقریبات میں شرکت کرنی تھی۔ علاوہ ازیں انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے حوالے سے اجلاس ہوا۔ وزیراعظم نے مستحق خاندانوں کی معاونت پر پرگرام کی کارکردگی کو سراہا ۔ نگران وزیراعظم نے مالی خود انحصاری کو فروغ دینے کیلئے حکمت عملی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔ علاوہ ازیں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے جمہوریہ روانڈا کی سینٹ کے صدر ڈاکٹر کالندا فرانکوئس زیوئیر کی قیادت میں ایک وفد نے ملاقات کی۔ وزیر اعظم نے پاکستان اور روانڈا کے درمیان دوستانہ اور خوشگوار تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔