پولینڈ نے وارنٹِ گرفتاری جاری ہونے کے باوجود اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو یا کسی اسرائیلی نمائندے کو گرفتار نہ کرنے کا اعلان کر دیا۔
پولینڈ کی حکومت نے جمعرات کو اعلان کیا ہے کہ اسرائیل کے وزیرِ اعظم نیتن یاہو اور سابق وزیرِ دفاع یوو گیلنٹ کے خلاف بین الاقوامی فوجداری عدالت کے نومبر میں جاری کردہ وارنٹ گرفتاری کے باوجود پولینڈ کی سر زمین پر کسی اسرائیلی نمائندے کے لیے کوئی مشکل پیدا نہیں کی جائے گی۔
پولینڈ کے صدر ایندریزج ڈوڈا نے کہا ہے کہ حکومت یہ یقینی بنائے گی کہ اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو اگر چاہیں تو وہ با سہولت و تحفظ سالانہ تقریب میں شرکت کر سکتے ہیں۔
پولینڈ کے صدر نے کہا کہ نیتن یاہو کو پولینڈ میں فوجداری عدالت کی طرف سے جاری کردہ وارنٹ گرفتاری کے باوجود کوئی خوف نہیں ہونا چاہیے۔
واضح رہے کہ پولینڈ میں اوشوٹز کے مقام پر بنائے گئے نازی کیمپ میں یہودیوں کی ہلاکتوں کے سلسلے میں ہونے والی تقریب میں شرکت کے لیے ہر سال اسرائیلی یہاں آتے ہیں۔
یاد رہے کہ اسرائیل کے وزیرِ اعظم نیتن یاہو اور سابق وزیرِ دفاع یوو گیلنٹ کے خلاف جنگی جرائم کی بنیاد پر بین الاقوامی فوجداری عدالت نے وارنٹِ گرفتاری جاری کیے ہیں۔
دوسری جانب اسرائیلی حکام نے وزیرِ اعظم نیتن یاہو کے 27 جنوری کو پولینڈ جا کر اس تقریب میں شرکت کرنے یا نہ کرنے کے حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔