ایئر پورٹس کے قریب رہنے والوں کو دل کا دورہ پڑنے یا فالج ہونے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔
یہ انکشاف یونیورسٹی کالج لندن کے محققین کی سربراہی میں کی گئی ایک نئی تحقیق میں ہوا ہے۔
تحقیق کے مطابق ہوائی جہازوں کے شور کی وجہ سے ایئر پورٹس کے قریب رہنے والے لوگوں کے دل کی بیماریوں میں مبتلا ہونے یا فالج ہونے کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔
اس تحقیق میں انگلینڈ کے 4 بڑے ایئر پورٹس کے قریب رہنے والے 3 ہزار 635 افراد کے دل کی امیجنگ کے تفصیلی ڈیٹا کا تجزیہ لیا گیا اور اس کا موازنہ ان علاقوں کے لوگوں کے ڈیٹا سے کیا گیا جہاں ہوائی جہاز کے شور کی سطح کم ہے۔
تجزیے کے مطابق رات کے وقت ہوائی جہازوں کے شور کی وجہ سے نیند میں خلل پڑنے اور گھر میں زیادہ وقت شور میں گزارنے کی وجہ سے ایئر پورٹس کے قریب رہنے والے لوگوں کے دل کی بیماریوں میں مبتلا ہونے یا فالج ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
اس حوالے سے ماہرِ امراضِ قلب گیبی کیپٹر نے کہا ہے کہ ہمارا یہ تجزیہ مشاہدے کی بنیاد پر ہے لہٰذا ہم یقین سے نہیں کہہ سکتے کہ ہوائی جہاز کے شور کی بلند سطح دل کی ساخت اور افعال پر اثر انداز ہو سکتی ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ ہمارے نتائج اس بات کے ثبوتوں میں اضافہ کرتے ہیں کہ ہوائی جہاز کا شور دل اور مجموعی طور پر انسان کی صحت کو متاثر کر سکتا ہے۔