بالی ووڈ کی سینئر اداکارہ نینا گپتا نے اس وقت کو یاد کیا جب انکے ہاں بیٹی (مسابا گپتا) کی ولادت ہوئی، ان دنوں وہ اپنی آنٹی کے ساتھ رہا کرتی تھیں، جنھوں نے بچی کی ولادت پر انھیں گھر سے نکال دیا تھا۔
نینا گپتا کے مطابق اسکے بعد ایک رحم دل اور مہربان بلڈر نے انکی مدد کی۔
ایک حالیہ انٹرویو میں 65 سالہ اداکارہ نے اس موقع پر ان مسائل اور چیلنجز پر گفتگو کی جس میں انھیں ممبئی میں اپنے لیے گھر کی تلاش کے دوران سامنا کرنا پڑا۔
انھوں نے اس وقت کو یاد کیا جب وہ بے گھر تھیں۔ واضح رہے کہ نینا گپتا 1980 کی دہائی کے اوائل میں دہلی سے ممبئی منتقل ہوئی تھیں۔
ایک یوٹیوب چینل کے ساتھ انٹرویو میں سینئر بالی ووڈ اداکارہ نے انکشاف کیا کہ انھوں نے کبھی بھی کرائے کے مکان میں رہائش اختیار نہیں کی بلکہ اپنا اپارٹمنٹ فروخت کرکے کچھ مزید رقم جمع کرکے دوسرے گھر کی خریداری پر انویسٹ کیا اور منتقلی کی مدت کے دوران وہ اپنی آنٹی کے یہاں منتقل ہوئیں، جہاں انکی آنٹی نے ایک دن آدھی رات کو انھیں اور انکی چھوٹی سی بیٹی کو گھر سے نکال دیا جبکہ انکے پاس اس وقت جانے کےلیے کوئی جگہ نہ تھی۔
حالانکہ انھوں نے ایک تھری بی ایچ کے فلیٹ ایک نئے بلڈر کے پروجیکٹ میں بک کرایا تھا لیکن اسکے باوجود اسوقت بڑی عجیب صورتحال تھی، کیونکہ سارے پیسے تو نئے گھر کی خریداری پر خرچ کر دیے تھے۔
انکے مطابق اس کے بعد میں نے اسی بلڈر سے رابطہ کیا جسے ساری رقم دی تھی اور مذکورہ بالا صورتحال سے آگاہ کرکے رقم واپس کرنے کو کہا تاکہ فوری طور پر کوئی انتظام کیا جاسکے۔
جس پر بلڈر نے فوری بنا کسی کٹوتی کے ساری رقم واپس کر دی، جس کے بعد انھوں نے آرام نگر میں ایک گھر خریدا۔
واضح رہے کہ نینا گپتا اور لیجنڈری کرکٹر و ماسٹر بیٹر سر ویوین رچرڈز کے درمیان قریبی مراسم رہے اور دونوں کے ہاں بیٹی مسابا گپتا پیدا ہوئی تھیں۔