نیویارک (عظیم ایم میاں) پاکستانی صحافی کے پولیس افسر بیٹے نے پاکستانی کمیونٹی کو متحد کردیا، نیویارک کے پاکستانی نژاد صحافیوں نے اپنے ہی ممتاز پاکستانی صحافی بھائی محسن ظہیرکے 22؍ سالہ بیٹے کے کرم محسن کے نیویارک پولیس کا افسر بننے پر ایک ’’سرپرائز‘‘ ڈنر اور اجتماع کی تقریب منعقد کر کے نوجوان پولیس افسر اور اس کے والدین کو بھی حیرت میں ڈال دیا جبکہ پاکستانی کمیونٹی کی ممتاز شخصیات اور پولیس کے سینئر ترین پاکستانی نژاد افسر عدیل رانا نے بھی شرکت کی اور کرم محسن کے والدین صحافی محسن ظہیر کو مبارکباد دی۔ سرپرائز پارٹی کی تفصیلات کے مطابق تقریباً 25؍ سال قبل پاکستان سے امریکا منتقل ہونے والے ممتازصحافی محسن ظہیر کے پاکستانی نژاد بیٹے محسن کرم نے نیویارک پولیس کی سخت ٹریننگ مکمل کرکے اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے کی اطلاع محسن ظہیر کے پاکستانی صحافیوں اوردوستوں کو ملی تو انہوں نے انتہائی خاموشی اور منتخب مدعوئین اور صحافیوں سے رازداری کا وعدہ لیکرایک ریسٹورنٹ میں ڈنر اوراجتماع کا انعقاد کیا اور محسن ظہیر کی فیملی کوان کےدوست کےذریعہ مدعو کیا وہاں پہنچنے پر محسن ظہیر اور ان کی فیملی انتظامات اور ایک کمیونٹی اجتماع دیکھ کر حیران رہ گئے۔ اس موقع پرصحافیوں نے نوجوان افسر کرم محسن اور ان کے والدین کی محنت اور تربیت کو خراج تحسین پیش کیا اورنئی پاکستانی امریکن نسل سے اپنی بہتر تعلقات اور مزید کامیابیوں کااظہار کیا اور امریکی نظام میں ان کی شمولیت اور تجربہ کو پاکستانی کمیونٹی کیلئے مفید اور اہم قراردیا۔