مشیرِ اطلاعات خیبر پختون خوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی ملک کے وسیع تر مفاد میں مذاکرات کے لیے راضی ہوئی ہے، وفاقی حکومت کو بھی وسیع تر مفاد کو مدِنظر رکھ کر سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔
بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ وفاقی وزراء روزانہ پی ٹی آئی کے خلاف پریس کانفرنسز کر رہے ہیں، وفاقی حکومت کو بانیٔ پی ٹی آئی کے بیان سے تکلیف ہے مگر اپنی زبان نظر نہیں آ رہی۔
انہوں نے مزید کہا کہ مذاکرات شروع ہونے کے بعد مریم نواز پی ٹی آئی کے خلاف روزانہ بیان دے رہی ہیں، وفاق اور پنجاب کے وزراء نے بھی مذاکرات کے بعد بیانات دیے ہیں۔
بیرسٹر محمد علی سیف نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی کے مطالبات آئین اور جمہوریت کی بالادستی پر مبنی ہیں۔