امریکی شہر لاس اینجلس میں منگل سے لگی آگ پر اب تک قابو نہیں پایا جا سکا، 12ہزار سے زائد مکانات اور عمارتیں راکھ کا ڈھیر بن گئیں، آگ کے شعلوں سے بچنے کیلئے ایک ہرن کے بچے کی بھاگنے کی ویڈیو سامنے آئی ہے۔
لاس اینجلس کے مضافاتی علاقے التادینا میں جنگلاتی آگ کے دوران ایک دل دہلا دینے والی ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں ایک ہرن کا بچہ سڑک پر شعلوں سے بچنے کے لیے بھاگتا دکھائی دے رہا ہے۔
دھویں اور آگ کے درمیان بھاگتے ہو ئے ہرن کے بچے کی ویڈیو نے سوشل میڈیا پر لوگوں کی توجہ حاصل کرلی ہے، صارفین ہرن کے بچے کےلیے ہمدردی اور خطے میں آگ سے متاثرہ جنگلی حیات کے تحفظ کی فکر کا اظہار کر رہے ہیں۔
دوسری جانب لاس اینجلس سے 2 لاکھ سے زائد افراد نے نقل مکانی کی، کچھ علاقوں میں فوری انخلا کے نئے احکامات جاری کردیے گئے،11 افراد ہلاک درجنوں زخمی ہوگئے، جبکہ جانوروں کو بھی محفوظ مقام پر منتقل کیا جا رہا ہے۔
حکام نےلاس اینجلس کاؤنٹی میں ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کردی ہے، تیز ہواؤں سے آگ مزید پھیلنے کا خدشہ ہے، ہالی ووڈ ستاروں کو بھی اپنے پُرتعیش گھر چھوڑنا پڑے، لوٹ مار کی وارداتوں پر متاثرہ علاقوں میں رات کے وقت کرفیو نافذ کردیا گیا۔
12 ہزار سے زائد فائر فائٹرز، ساڑھے 1100 فائر انجن، 60 طیارے اور 143 واٹر ٹینکر آگ بجھانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔