دوحہ (اے ایف پی)حماس اور اسرائیل کے درمیان غزہ جنگ بندی مذاکرات میں ثالث قطر نے گزشتہ روز کہا کہ اس نے امریکہ کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشرق وسطیٰ کے ایلچی اسٹیو وٹکوف کو غزہ میں جنگ بندی کے مذاکرات کے بارے میں آگاہ کیا۔قطری وزارت خارجہ نے کہا کہ دوحہ میں ملاقات کے دوران وزیر اعظم شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم الثانی نے اسٹیو وٹکوف کے ساتھ خطے میں ہونے والی حالیہ پیشرفت، بالخصوص غزہ کی پٹی میں جنگ بندی تک پہنچنے کی کوششوںپر تبادلہ خیال کیا۔رواںماہ کے اوائل میں ثالثوں نے غزہ کی جنگ کو ختم کرنے اور فلسطینی سرزمین پر ابھی تک قید درجنوں اسرائیلیوں کی رہائی کے لیے نئی کوششیں شروع کیں۔سفارتی ذرائع نے حماس اور اسرائیل پر بالواسطہ مذاکرات میں معاہدہ کرنے کے لیے بین الاقوامی دباؤ بڑھانے کا اشارہ دیا ہے۔ٹرمپ نے حماس کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے 20 جنوری کو ان کے حلف اٹھانے سے قبل باقی قیدیوں کو رہا نہیں کیا تو اسے بھاری قیمت ادا کرناپڑے گی۔لیکن متعدد تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو جو بائیڈن کی انتظامیہ کے آخری دنوں میں ہونے کی بجائے ٹرمپ کی صدارت میں کسی معاہدے کو حتمی شکل دینے کو ترجیح دیتے ہیں۔