امریکی شہر لاس اینجلس میں تاریخ کی بدترین آگ سے مرنے والوں کی تعداد 16 ہوگئی۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق جنگلاتی آگ کے باعث اب بھی کم از کم 13 افراد لاپتا ہیں جبکہ 12 ہزار سے زائد مکان اور عمارتیں راکھ کا ڈھیر بن چکی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جارہا ہے۔
متاثرہ علاقے سے ڈیڑھ لاکھ افراد محفوظ علاقوں میں منتقل ہوچکے ہیں جبکہ مزید ایک لاکھ 66 ہزار افراد کو انخلا کی وارننگ دے دی گئی ہے۔
دوسری جانب ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اتنے بڑے پیمانے پر لگنے والی آگ پر مکمل قابو پانے میں کئی ہفتے لگ سکتے ہیں۔
علاوہ ازیں لوٹ مار کی وارداتوں پر متاثرہ علاقوں میں رات کے کرفیو کا نفاذ کردیا گیا ہے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق 12 ہزار سے زائد فائر فائٹرز، ساڑھے 11 سو فائر انجن، 60 طیارے اور 143 واٹر ٹینکر آگ بجھانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔
آگ لگنے کی وجوہات جاننے کیلئے بڑے پیمانے پر تحقیقات جاری ہیں۔