فیڈریشن آف آل پاکستان یونیورسٹیز اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن (فپواسا) سندھ شاخ کے صدر اور جنرل سیکریٹری نے بیورو کریٹس کو وی سی بنانے کے خلاف اساتذہ کا جمعرات کو جامعہ این ای ڈی میں اجلاس عمومی طلب کرلیا ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے تمام ممبران سے پرزور اپیل کی کہ وہ اپنی یونیورسٹیوں میں پریس کانفرنس کریں اور احتجاجی ریلیاں نکالیں۔ یہ اقدامات بیوروکریٹس کو وائس چانسلر (VC) کے عہدوں کو سنبھالنے کی اجازت دینے کےلیے حکومت کی خطرناک کوششوں اور یونیورسٹیوں میں فیکلٹی کی غیر مستقل تقرریوں کےلیے اس کی مسلسل حمایت کے جواب میں ہیں، جو اعلیٰ تعلیمی اداروں کی خود مختاری اور تعلیمی معیار کےلیے نقصان دہ ہیں۔
اس سلسلے میں جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ فپواسا سندھ شاخ رکن ایسوسی ایشنز کی قیادت سے درخواست کرتی ہے کہ وہ جمعرات کو این ای ڈی یونیورسٹی، کراچی میں ہونے والے آئندہ جنرل باڈی اجلاس میں شرکت کریں۔ اسی روز کراچی میں پریس کانفرنس بھی کی جائے گی جس میں سندھ کی تمام سرکاری جامعات میں تعلیمی سرگرمیوں کے مکمل بائیکاٹ کا اعلان کیا جائے گا۔
فپواسا سندھ شاخ کے صدر اور سیکریٹری نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد ان تعلیم دشمن پالیسیوں کے خلاف ہمارا سخت ترین احتجاج درج کروانا ہے جو تعلیمی اداروں کے وقار کو مجروح کرتی ہیں اور اعلیٰ تعلیم کے مستقبل کی تشکیل میں مستقل اساتذہ کے ضروری کردار کو نظر انداز کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کی تعلیمی برادری ہماری یونیورسٹیوں کی قیادت کو سیاست یا بیوروکریٹائز کرنے کی کسی بھی کوشش کو مسترد کرنے کےلیے متحد ہے اور حکومت سے ان فیصلوں کو فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ کرتی ہے۔ ہم تعلیمی آزادی، میرٹ کریسی اور اعلیٰ تعلیمی اداروں کے تقدس کے تحفظ کےلیے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔