وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ کراچی یونیورسٹی روڈ سے عوام کو پہنچنے والی تکلیف کا احساس ہے، اس سال ڈبل ڈیکر بسیں چلانے کی کوشش کریں گے۔
کراچی میں روڈ سیفٹی سیمینار سے خطاب میں شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کوشش ہے کہ جام صادق پل بھی اپریل 2025ء میں مکمل کرلیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کے یونیورسٹی روڈ سے عوام کو پہنچنے والی تکلیف کا احساس ہے، ریڈلائن پروجیکٹ میں تاخیر کی کچھ وجوہات ہیں، کوشش ہے 2 سال میں مکمل کر لیں۔
وزیر اطلاعات سندھ نے مزید کہا کہ ٹریفک قوانین سے ناواقف لوگوں کو ڈرائیونگ لائسنس نہیں ملنا چاہیے، شہریوں کو ٹریفک قوانین کے حوالے سے ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔
اُن کا کہنا تھا کہ بطور قوم ہماری ترجیحات تبدیل ہوتی جارہی ہیں، اگر ٹریفک پولیس ہمیں روک رہی ہے تو وہ ہماری بہتری کےلیے ہے، ٹریفک کا سپاہی نیشنل ہیرو ہے۔
شرجیل انعام میمن نے یہ بھی کہا کہ ٹریفک پولیس کو مزید سہولیات دینے کی ضرورت ہے، ہم سب کو مل کر اسے پروموٹ کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اس سال ڈبل ڈیکر بسیس بھی چلانے کی کوشش کریں گے، حکومت سندھ پہلی ماحول دوست ای وی ٹیکسی سروس شروع کرنے جارہی ہے۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کراچی میں ٹریفک پولیس کےجوانوں کی چن چن کر ٹارگٹ کلنگ کی گئی۔