اسلام آباد( نمائندہ جنگ) وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس نے 14 آئی پی پیز کے ساتھ نظر ثانی شدہ معاہدوں کی منظوری دیدی ہے جس سے ان معاہدوں کی مدت اطلاق میں مجموعی طور پر 1.4کھرب روپے کی بچت ہوگی اورفی یونٹ 11 روپے بجلی سستی ہونے کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔ سالانہ 137 ارب روپے کی بچت ہوگی ،ان آئی پی پیز سے گزشتہ سالوں کے اضافی منافع کی مد میں 35 ارب روپے کی کٹوتی کی جائے گی،منافع اور لاگت میں 802 ارب روپے کمی کی تجویز منظورکرلی گئی ہے،ایک آئی پی پی سے معاہدہ منسوخ کردیا گیا ہے۔ دریں اثنا کابینہ نے انسداد منشیات ڈویژن کو وزارت داخلہ اور ہوابازی ڈویژن کو وزارت دفاع میں ضم کرنے کی منظوری بھی دےدی ہے۔ پبلک پروکیورمنٹ رولز 2004 میں ایک نئے سیکشن کا اضافہ،145 ملین روپے سالانہ کی بچت ہوگی۔ ۔ ان نظر ثانی شدہ معاہدوں کی رو سے 14 آئی پی پیز کے ساتھ بات چیت کے بعد مذکورہ آئی پی پیز کے منافع اور لاگت میں 802 ارب روپے کی کمی کی تجویز منظور کی گئی ہےان آئی پی پیز سے گزشتہ سالوں کے اضافی منافع کی مد میں 35 ارب روپے کی کٹوتی کی جائے گی ۔ کابینہ نے انسداد منشیات ڈویژن کو وزارت داخلہ اور ہوا بازی ڈویژن کو وزارت دفاع میں ضم کرنے کی منظوری دی ۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس گزشتہ روز وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔وفاقی کابینہ نے پاور ڈویژن کی سفارش پر 14 انڈیپینڈنٹ پاور پروڈیوسرز (آئی پی پیز ) کے ساتھ معاہدوں پر نظر ثانی ( negotiated settlement agreements) کی تجویز کی منظوری دے دی۔ ان نظر ثانی شدہ معاہدوں کی رو سے 14 آئی پی پیز کے ساتھ بات چیت کے بعد مذکورہ آئی پی پیز کے منافع اور لاگت میں 802 ارب روپے کی کمی کی تجویز منظور کی گئی ہے۔ان آئی پی پیز سے گزشتہ سالوں کے اضافی منافع کی مد میں 35 ارب روپے کی کٹوتی کی جائے گی۔