بھارتی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد شامی انٹر نیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ورلڈکپ میں عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے اپنے تین میچز میں مجموعی طور 14 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔
دائیں ہاتھ سے بولنگ کرنے والے محمد شامی نے ممبئی کے وانکھڈے اسٹیڈیم میں سری لنکا کے خلاف کھیلے گئے میچ میں پانچ وکٹیں حاصل کیں اور اپنی ٹیم کو 302 رنز کے بڑے مارجن سے فتح دلوانے میں اہم کردار ادا کیا۔
میچ کے دوران ایک مرحلہ ایسا بھی آیا، جس نے سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کروالی، محمد شامی میچ میں اپنی پانچویں وکٹ حاصل کرنے کے بعد سجدے میں جانے ہی والے تھے کہ اچانک رک گئے۔
محمد شامی کے اس عمل کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوگئی، جس کے بعد مختلف تبصروں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔
بعض صارفین نے خیال ظاہر کیا کہ شاید محمد شامی نے اس لیے سجدہ نہیں کیا کہ انہیں علم ہے کہ وہ اس وقت ایسے ملک کی نمائندگی کررہے ہیں جس کی تاریخ انتہاپسندی کے واقعات سے بھری پڑی ہے۔
کچھ صارفین کا یہ بھی کہنا تھا کہ تھکن کی وجہ سے وہ اس طرح بیٹھے تھے۔
یاد رہے کہ بھارتی فاسٹ بولر محمد شامی کو ٹی 20 ورلڈ کپ 2021 میں پاکستان کے ہاتھوں بھارت کی شکست کے بعد بھارتی شائقین کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
بھارتی شائقین کرکٹ نے محمد شامی سے متعلق توہین آمیز پیغامات شیئر کرتے ہوئے ان پر غداری کا لیبل لگاتے ہوئے بھارتی ٹیم سے باہر کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا تھا۔
جس کے بعد بھارتی ٹیم کے سابق و موجودہ کھلاڑی محمد شامی کی حمایت میں سامنے آگئے تھے۔