بھارت کے شہر کولکتہ میں گزشتہ سال 31 سالہ ٹرینی ڈاکٹر کے ساتھ زیادتی اور اسے وحشیانہ قتل کرنے کے الزام میں گرفتار ملزم کو عدالت نے عمر قید کی سزا سنا دی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 18 جنوری کو عدالت نے سابق پولیس رضا کار سنجے رائے کو کیس میں مجرم قرار دیا تھا جس کا فیصلہ آج 20 جنوری کو سنایا گیا۔
عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ پیش کیے گئے ثبوتوں سے سنجے رائے پر الزام ثابت ہوتا ہے، عدالت نے سنجے کو سزائے موت دینے کی سی بی آئی کی استدعا مسترد کرتے ہوئے عمر قید کا حکم دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مجرم نے عدالت میں جرم سے انکار کرتے ہوئےکہا کہ بے گناہ ہوں، مجھے مقدمے میں پھنسایا گیا ہے، سی بی آئی نے مجھ سے کچھ دستاویزات پر زبردستی دستخط بھی کرائے ہیں۔
واضح رہے کہ 9 اگست 2024ء کو کولکتہ کے آر جی کار میڈیکل کالج اسپتال میں 31 سالہ پوسٹ گریجویٹ تربیتی ڈاکٹر کے ساتھ زیادتی اور قتل کا واقعہ پیش آیا تھا۔
خاتون ڈاکٹر اسپتال کے سیمینار ہال میں چہرے پر زخموں کے ساتھ مردہ پائی گئی تھیں۔