سپریم کورٹ میں عام انتخابات کیس کی سماعت آج ریگولر کیسز کے بعد ہوگی۔
چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ سماعت کرے گا جس میں جسٹس امین الدین خان اور جسٹس اطہر من اللّٰہ شامل ہیں۔
اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان سپریم کورٹ پہنچ گئے جہاں انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ صدر اور چیف الیکشن کمشنر کے درمیان ہونے والی ملاقات کے منٹس داخل کر رہے ہیں، صدرِ مملکت سے مشاورتی اجلاس کے منٹس عدالت کو دوں گا۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ کیس کی سماعت ریگولر کیسز کے بعد کریں گے، منٹس دینے میں کتنا وقت لگے گا؟
اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ آدھے گھنٹے تک منٹس فراہم کر دیں گے۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ پھر کیس کی سماعت آخر میں ہی ہو گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز عدالتِ عظمیٰ میں عام انتخابات کے انعقاد سے متعلق مقدمے کی سماعت کے دوران الیکشن کمیشن نے ملک بھر میں عام انتخابات کے انعقاد کے لیے 11 فروری 2024ء کی تاریخ تجویز کی تھی۔
تاہم عدالت نے الیکشن کمیشن کو اس حوالے سے جمعرات (کل) ہی کے روز صدرِ مملکت کے ساتھ مشاورت کرنے کی ہدایت کی تھی جس کے بعد چیف الیکشن کمشنر اور صدرِ مملکت کی ملاقات ہوئی تھی۔
صدرِ مملکت عارف علوی اور چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی ملاقات میں ملک بھر میں عام انتخابات کے انعقاد کے لیے 8 فروری کی تاریخ پر اتفاق کیا گیا تھا۔