پاکستانی خوبرو اداکارہ ہانیہ عامر کی زندگی میں بھارتی اداکارہ و رقاصہ راکھی ساونت کی دلچسپ انٹری ہوئی ہے۔
سوشل میڈیا پر ڈانس چیلنج سے شروع ہونے والا یہ معاملہ غیر متوقع دوستی کی صورت اختیار کرنے لگا۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اداکارہ نے اسٹوری شیئر کرتے ہوئے بھارتی رقاصہ کی درخواست قبول کرنے کی نوید سنا دی۔
انسٹا اسٹوری پر مختصر ویڈیو میں پاکستانی اداکارہ نے کہا ہے کہ پہلے زندگی کافی سیڈ (افسردہ) تھی اور پھر زندگی میں راکھی جی آ گئیں۔
انہوں نے راکھی ساونت کو مخاطب کر کے ان کی درخواست قبول کرتے ہوئے کہا کہ راکھی جی میں آپ کو ایئر پورٹ لینے آ رہی ہوں۔
خیال رہے کہ راکھی ساونت نے بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی کو دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر بھارت میں ٹک ٹاک پر عائد پابندی نہ ہٹائی گئی تو میں پاکستان چلی جاؤں گی اور وہاں جاکر حلوہ پوری کھاؤں گی اور کسی پاکستانی سے شادی کر لوں گی۔
انہوں نے اس پیغام میں یہ بھی کہا تھا کہ پاکستان جا کر میں ہانیہ عامر، نرگس اور دیدار سے ملاقات کروں گی۔
اس کے ساتھ ہی انہوں نے ہانیہ عامر سے پیار و محبت کا اظہار کرتے ہوئے ایئر پورٹ پر پک کرنے کی بھی درخواست کی اور ان کے گھر میں ٹھہرنے کے لیے جگہ بھی مانگ لی۔