بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان نے گزشتہ روزہ اپنی 58ویں سالگرہ منائی۔ اس موقع پر کنگ خان کو مبارکباد دینے کے لیے ان کے پرستار بڑی تعداد میں ان کی ممبئی میں رہائش گاہ منت کے باہر جمع ہوئے۔
پرستاروں کو دیکھ کر شاہ رخ خان ان سے اظہار تشکر کے لیے ان کے ساتھ شریک ہوئے۔ تاہم اس موقع پر کچھ افسوسناک واقعات بھی سامنے آئے اور 30 سے زیادہ موبائل فون مجمع میں چوری کرلیے گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پرستاروں کے فون چوری ہونے کی وجہ یہ ہے کہ چوروں نے بڑے مجمع کا فائدہ اٹھایا اور رش اور دھکم پیل میں لوگوں کے جیبوں یا ان کے سامان سے فون نکال لیا۔
کنگ خان کے پرستار اپنے محبوب اداکار کی ایک جھلک دیکھنے میں اتنا محو ہوگئے کہ موبائل چوروں کی بن آئی۔ باندرہ پولیس نے اس حوالے سے ایک کیس درج کیا ہے۔
شاہ رخ خان نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر پرستاروں سے تشکر کا اظہار کرتے ہوئے لکھا، یہ ناقابل یقین ہے کہ رات کے اس پہر میں اتنی بڑی تعداد میں آپ لوگ مجھے مبارکباد دینے آئے۔
انہوں نے کہا میں تو صرف ایک اداکار ہوں، کسی اور چیز سے مجھے اتنی خوشی نہیں ہوتی، حقیقتاً میں آپ کو لطف اندوز کرنے کی کوشش کرتا ہوں۔ میں خواب میں بھی آپ کی محبت میں رہتا ہوں، میں آپ کا شکر گزار ہوں کہ آپ مجھے خود کو اینٹرٹین کرنے کی اجازت دیتے ہیں، صبح تک کے لیے خدا حافظ۔
دریں اثنا کنگ خان نے اپنی برتھ ڈے پر ایک فین ایونٹ میں بھی شرکت کی، جس میں فلم دن کی کے ہدایتکار راج کمار ہیرانی، مصنف ابھیجت جوش بھی موجود تھے۔
اس موقع پر کنگ خان نے اپنی آئندہ آنیوالی فلموں پر گفتگو کے علاوہ فلم پٹھان اور جوان کے گیت پر رقص کیا۔