خیبر پختون خوا میں میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں داخلوں کے لیے ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ 26 نومبرکو منعقد ہو گا۔
نگراں وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا محمد اعظم خان کی زیرِ صدارت میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں داخلوں کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔
دورانِ اجلاس میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں داخلوں کے لیے ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا گیا کہ میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں داخلوں کے لیے ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ 26 نومبرکو منعقد ہو گا جس میں رجسٹرڈ 46 ہزار 220 امیدوار حصہ لیں گے۔
طلبہ کی سہولت کے لیے پشاور، مردان، سوات، ایبٹ آباد، ڈی آئی خان، کوہاٹ، دیر لوئر میں امتحانی مراکز قائم کیے جائیں گے۔
پلان پر عمل درآمد کے لیے ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ کی سربراہی میں کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
سرکاری حکام کے مطابق اجلاس میں ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کو صاف اور شفاف بنانے کے لیے خصوصی انتظامات کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے خیبر میڈیکل یونیورسٹی کے مجوزہ ایکشن پلان کی منظوری دے دی گئی۔
سرکاری حکام کے مطابق گزشتہ ٹیسٹ میں نقل میں ملوث 219 امیدواروں کو بلیک لسٹ کر دیا گیا ہے۔