غزہ میں اسرائیلی بمباری کے خلاف دنیا بھر میں احتجاجی مظاہرےجاری ہیں، برازیل کے ساحل پر کفن میں لپٹی علامتی میتیں رکھ کر غزہ کے شہید بچوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
وسطی لندن میں ہزاروں افراد نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف احتجاج کیا، مظاہرین نے پہلے پکاڈلی سرکس پر دھرنا دیا۔ اس کے بعد مظاہرین نے ٹریفلگر اسکوائر تک مارچ کیا۔ اس دوران فلسطین آزاد کرو کے نعرے لگائے، مظاہرین نے اسرائیل دہشت گرد ریاست ہے، بچوں پر بمباری بند کرو کے پلے کارڈز بھی اٹھائے ہوئے تھے۔
مظاہرین برطانوی نشریاتی ادارے کے دفتر کے سامنے بھی پہنچ گئے، غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔
فرانس، جرمنی، آسٹریلیا، تھائی لینڈ، جنوبی کوریا، ایران، قطر اور عراق میں بھی مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں جس میں غزہ میں نسل کشی بند کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔