نواب شاہ ( سب تکرپورٹ) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین و سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی آئندہ انتخابات میں بہترین منشور کے ساتھ میدان میں اترے گی۔ آصف علی زرداری نے نواب شاہ میں پارٹی کارکنوں سے ملاقات کی، اس موقع پر سابق وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ، ضیاءالحسن لنجار، علی حسن زرداری بھی موجود تھے۔ سابق صدر نے کہا کہ الیکشن کے دوران ملک بھر میں موثر انتخابی مہم چلائیں گے۔ پیپلز پارٹی "عوام کے فیصلے اور عوام کے اختیار” فارمولے پر یقین رکھتی ہے۔ جب عوام کو حق حکمرانی ملتا ہے تو گراس روٹ تک مسائل حل ہوتے ہیں، پیپلز پارٹی عوامی جماعت ہے، اس نے ہر دور میں عوامی راج کے نفاذ کے لئے کام کیا۔ پیپلز پارٹی نے ملک کو ہمیشہ بحرانوں میں سنبھالا، ہم عوام کی خدمت کی بدولت اقتدار میں آئیں گے۔