غزہ(نیٹ نیوز) غزہ پر اسرائیلی فوج کی وحشیانہ بمباری جاری ہے تاہم صہیونی فوج غزہ کے معصوم بچوں کے عزم کو متزلزل کرنے میں ناکام رہی ہے۔ 29 روز سے جاری جارحیت میں اسرائیل نے ہسپتالوں، مساجد، سکولوں اور ایمبولینسوں کو بھی نشانہ بنایا ، اسرائیل چاہتا ہے غزہ کے شہری مصری علاقے سینا میں چلے جائیں۔ان سب مشکلات کے باوجود غزہ کے بچے پرعزم ہیں کہ وہ اپنی سرزمین چھوڑ کر کہیں نہیں جائیں گے۔سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں غزہ کے بچے فلسطین کا معروف انقلابی ترانہ گارہے ہیں جس کا مطلب ہے ‘اللہ سے وعدہ ہے ہم نہیں چھوڑیں گے، اللہ سے وعدہ ہے ہم بھوکے مرجائیں گے لیکن ذلت کا راستہ اختیار نہیں کریں گے’۔عرب میڈیا کے مطابق یہ ویڈیو خان یونس کے علاقے میں اقوام متحدہ کے تحت چلنے والے ایک سکول میں قائم عارضی کیمپ کی ہے ۔ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے بہت سے فلسطینی بچے جمع ہیں اور سپیکر پر انقلابی ترانہ لگا ہوا ہے، بچے تالیاں بجا کر نعرے لگا رہے ہیں اور ترانے کے اشعار دہرا رہے ہیں، بچوں کے چہروں پر ذرہ برابر خوف نہیں نظر آرہا اور کیمپ میں کسی کنسرٹ کا سماں ہے۔